ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تعمیراتی مزدوروں کو دی جانے والی امداد میں بھاری اضافہ ۔ لیبر ویلفیر بورڈ کی میٹنگ میں وزیر محنت شیو رام ہیبار کا اعلان

تعمیراتی مزدوروں کو دی جانے والی امداد میں بھاری اضافہ ۔ لیبر ویلفیر بورڈ کی میٹنگ میں وزیر محنت شیو رام ہیبار کا اعلان

Fri, 02 Jul 2021 11:09:41    S.O. News Service

بنگلورو،2؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر محنت شیو رام ہیبار نے جمعرات کے روز کرناٹک لیبر ویلفیر بورڈ کی ایک میٹنگ کی جس میں بورڈ کی طرف سے جاری فلاحی پروگراموں کا انہوں نے جائزہ لیا اور ان کو نافذ کرنے کے لئے لیبر کمشنر اکرم پاشاہ اور محکمہ کے دیگر افسروں کی طرف سے جاری کوششوں کو سراہا۔ اس میٹنگ میں وزیر موصوف نے تعمیراتی مزدوروں کو بورڈ کی طرف سے دی جانے والی امدادی رقم میں بھاری اضافہ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنشن کی رقم کو بڑھا کر 2000روپے سے 3000روپے کردیا جائے گا جبکہ مزدوروں کی لڑکیوں کی شادی کے لئے بور ڈ کی طرف سے دی جانے والی مالی امداد کو 30ہزار روپے سے بڑھا کر 35ہزار روپے کردیا جائے گا۔نرسری میں زیر تعلیم بچوں کو دی جانے والی سالانہ امدادی رقم کو 3000 روپے سے بڑھا کر 5000روپے کردیاگیا ہے۔ پہلی سے چوتھی جماعت کے بچوں کی امدادی رقم کو بھی 5000روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ چوتھی جماعت کے بچوں کو ملنے والی امداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ آٹھویں جماعت کے بچوں کو امدادی رقم 5000روپے سے بڑھا کر 8000روپے کردیا گیا ہے۔ 9ویں اور 10ویں جماعت کے بچوں کو دی جانے والی رقم کو 10ہزار روپے سے بڑھا کر 12ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انجینئرنگ کے طلباء کو ملنے والی امداد کو 25ہزار روپے سے بڑھا کر 40ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ تعمیراتی مزدوروں کے لئے ملنے والی میڈیکل ریلیف فنڈ کو بڑھا کر 10ہزار روپے سے 20ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ شادی کی امداد ی رقم کو 50ہزار روپے سے بڑھا کر 60ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ ریاست بھر میں 8لاکھ سے زائد رجسٹرڈ مزدور ان اعلانات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر موصوف نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خصوصی مہم چلا کر اگست تک جتنی بھی درخواستیں دی گئی ہیں ان کو منظوری دے دی جائے۔ اس میٹنگ میں لیبر کمشنر اکرم پاشاہ، لیبر ویلفیر بورڈ کے ڈائرکٹر ناگناتھ پرکاش، ناڈیگر ارگ شیوانی بھٹکل موجود تھے۔


Share: